دنیا نیوز : معاہدے پر کاربند ہیں، حکومت کی طاہر القادری کو یقین دہانی

امیدواروں کی جانچ پڑتال کے لئے 30 دن کے بجائے 14 دن مقرر کرنے کا نیا معاہدہ ہو گیا۔
حکومتی ٹیم اور ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا ہے کہ یہ فیصلے الیکشن میں تاخیر کے منفی پراپیگنڈے کو ختم کرنے کے لئے کئے گئے ہیں

لاہور: (دنیا نیوز) تحریک منہاج القرآن کے سیکرٹریٹ میں حکومتی ٹیم اور ڈاکٹر طاہر القادری کے درمیان مذاکرات ہوئے جس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ حکومت نے طاہر القادری سے امیدواروں کی جانچ پڑتال کے لئے 30دن کامعاہدہ کیا تھا مگر آپریشنل مجبوری کے باعث اور الیکشن میں تاخیر کے منفی پراوپیگنڈے سے بچنے کے لئے اب یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ الیکشن ساٹھ دن میں ہی ہوں گے اور امیدواروں کی سکروٹنی کے لئے 14دن دئیے جائیں گے۔ ڈاکٹر طاہر القادری سے نگران وزیراعظم اور نگران وزرااعلٰی کے ناموں کی مشاورت کے حوالے سے کچھ تاخیر ہوئی ہے۔ وزیراعظم بیرون ملک چلے گئے تھے اس معاملے پر بھی جلد مشاورت مکمل کر لی جائے گی۔ ڈاکٹر طاہر القادری کہنا تھا کہ سکروٹنی کے لئے وقت کم کرنے کا فیصلہ بعض جماعتوں کی جانب سے پھیلائے جانے والے منفی پروپیگنڈے کے خاتمے کے لئے کیا گیا ہے۔ اسمبلیاں اپنا وقت پورا کریں گی اور ایک دن پہلے اسمبلی توڑنے کے بجائے 16مارچ کو اسمبلیاں ختم ہوں گی۔ وزیر قانون فاروق ایچ نائیک نے بتایا کہ سکروٹنی کے لئے 14دن مقرر کرنے کی قانون میں ترمیم لائی جائے گی۔

تبصرہ