دی جنگ (Beta): موجودہ انتخابی نظام کے تحت محض چہرے تبدیل ہونگے، طاہر القادری

آکسفورڈ (آفتاب بیگ / نمائندہ جنگ) منہاج القرآن کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ موجودہ انتخابی نظام کے تحت آئندہ حکمران طبقہ ں محض چہروں کی تبدیلی ہوگی لوٹ کھسوٹ کا بازار ویسے ہی گرم رہے گا جبکہ عوامی استحصال معیشت کی تباہی اور بدامنی اپنی پوری آب و تاب سے جاری رہے گی وہ گزشتہ روز برطانیہ نجی دورہ پر آمد کے بعد جنگ سے خصوصی گفتگو کررہے تھے، ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا کہ غیر آئینی الیکشن کمیشن کے زیر اہتمام آئندہ انتخابات محض کاغذی کارروائی ہے جس میں قبضہ مافیا، قرض کھاؤ گروپ، جعلی ڈگری ہولڈرز سبھی واپس آئیں گے فرق محض نشستوں کی تبدیلی کا ہوگا۔ گھوڑوں کی عوامی سیل لگی ہوئی ہے جس میں شرافت، اخلاقیات اور ایمانداری کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں پاکستان عوامی تحریک اس گناہ میں شرکت نہیں کرسکتی لیکن اس نظام کی تبدیلی کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اس سلسلہ میں گیارہ مئی کو ملک کے طول و عرض میں دھرنا دیتے ہوئے موجودہ کرپٹ نظام کے خلاف دھرنا دیا جائے گا۔ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا کہ گزشتہ چند ماہ میں پاکستان عوامی تحریک کی بیداری شعور مہم کے توسط سے پاکستانی ووٹر کو اپنے آئینی و جمہوری حقوق کے حوالے سے کافی شعور حاصل ہوا ہے اور آئین کی شق 62/63 کے نام پر جو مک مکا کیا جاچکا ہے عوام اس سے خوب اچھی طرح آگاہ ہوچکی ہے ایک مک مکا کی بنیاد پر غیر آئینی الیکشن کمیشن سے اس سے زیادہ کیا امید رکھی جاسکتی ہے کہ ملک میں ہر بنک ڈفالٹر، ڈاکو اور لیڑے کو محض ایک Stay order پر انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دی جاچکی ہے جبکہ جعلی ڈگری والوں کے لئے بھی میدان کھلا چھوڑ دیا گیا ہے۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ موجودہ نظام کے تحت منتخب ہونے والے ملکی معاشی و نظریاتی بنیادوں کو ہلاکر رکھ دیں گے ملکی مفادات پر ذاتی مفاد کو ترجیح دینے والے سیاستدانوں کے ہاتھوں ملک کا مستقبل تاریک دکھائی دے رہا ہے عوامی نا امیدی میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے۔

تبصرہ