پاکستان دشمن عناصر ہمارے اسلاف کی نشانیوں کو مٹا رہے ہیں اور ہم بے بسی کی تصویر بنے ہوئے ہیں
نظریہ پاکستان اور اس کے تحفظ کی امین سر زمین کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے
قومی یادگار پر حملہ کر کے اسے نقصان پہنچانے والوں کو عبرت کا نشان بنا دیا جائے
پاکستان عوامی تحریک ویمن ونگ لاہور کے زیر اہتمام لاہور پریس کلب کے باہر پر امن احتجاجی مظاہرہ
پاکستان عوامی تحریک ویمن ونگ لاہور کے زیر اہتمام بانی پاکستان محمد علی جناح رحمۃ اللہ علیہ کی ریذیڈنسی پر حملہ اور اسے جلانے کے مذموم عمل، ویمن یونیورسٹی کوئٹہ اور بولان میڈیکل کمپلیکس پر دہشت گردی کے خلاف لاہور پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں سینکڑوں خواتین نے شرکت کی۔ خواتین نے احتجاجی کتبے اٹھا رکھے تھے اور وہ بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات کے خلاف سراپا احتجاج تھیں۔ کچھ خواتین شیر خوار بچوں کے ساتھ بھی شریک تھیں۔ خواتین نے قائد اعظم رحمۃ اللہ علیہ کی تصاویر بھی اٹھا رکھی تھیں جن پر قائد ہم شرمندہ ہیں کی عبارت درج تھیں۔
پاکستان عوامی تحریک ویمن ونگ کی مرکزی صدر نوشابہ ضیاء نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں اینٹی پاکستان عناصر کا سر اٹھانا پاکستان کی سا لمیت کیلئے خطرناک ہے۔ بانی پاکستان کی رہائش گاہ پر حملہ اصل میں پاکستان کی نظریاتی اساس پر حملہ ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کب تک صرف مذمت ہی کرتے رہیں گے۔ اب نوبت یہاں تک آ پہنچی ہے کہ پاکستان دشمن عناصر ہمارے اسلاف کی نشانیوں کو مٹا رہے ہیں اور ہم بے بسی کی تصویر بنے ہوئے ہیں۔ قائد اعظم محمد علی جناح نے جس جگہ زندگی کے آخری چھ عشرے گزارے اسے راکھ کا ڈھیر بنا کو پوری قوم کا سر شرم سے جھکا دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے اندر پاکستانیت کی چنگاری اگر اب بھی نہ بھڑکی تو دشمن اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل میں مزید آ گے بڑھ جائے گا جو ملک کے استحکام اور سا لمیت کیلئے خطرناک ترین عمل ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ آج مظاہرے میں شریک خواتین بانی پاکستان سے عہد کرتی ہیں کہ وہ اسلاف کی عظیم قربانیوں اور نظریہ پاکستان اور اس کے تحفظ کی امین سر زمین کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گی۔ اسلاف کی عظیم قربانیوں اور نظریہ پاکستان کے عظیم فلسفہ کو اگلی نسلوں تک پہنچانا انکا اولین فریضہ ہے۔ آنے والی نسلوں کو عظیم تر گود مہیا کرنا خواتین کی پہلی ذمہ داری ہے تا کہ پاکستان بنانے کے عظیم فلسفے کا تسلسل رہے۔
نوشابہ ضیاء نے کہا کہ ویمن یونیورسٹی بس پر حملہ اور بولان میڈیکل کمپلیکس میں ہونے والے سفاکانہ واقعات ہمارے معاشرے پر بدنما داغ ہیں جس سے پوری دنیا میں ہمارے پر امن کردار پر حرف آیا۔ احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے صدر لاہور ارشاد اقبال نے کہا کہ دہشت گردی کے واقعات نے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی کی قلعی کھول دی ہے۔ ایسے واقعات سے ملک کے داخلی معاملات کا کھوکھلا پن پوری دنیا پر عیاں ہو جاتا ہے۔ بانی پاکستان کی ریذیڈنسی پر حملہ حکومت اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی نا اہلی کا کھلا ثبوت ہے۔ پاکستان کے تاریخی ورثہ پر حملہ کرنے والے ملک و قوم کے حقیقی دشمن ہیں۔
مرکزی نائب صدر ساجدہ صادق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کے اندر ریاست بنانے والے انتہا پسندوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنا ہو گا۔ مہنگائی، لوڈ شیڈنگ، ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردی کا عفریت عوام کی خوشحالی کو نگل رہا ہے اور 2 فی صد مراعات یافتہ طبقہ عیاشیاں کر رہا ہے۔ ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردی کے واقعات کا تسلسل ملک و قوم کے ماتھے پر کلنک کا ٹیکہ ہے اس کے خلاف پوری قوم کو متحد ہو کر کام کرنا ہوگا۔ وفاقی اور صوبائی حکومتیں اور قانون نافذ کرنیوالے ادارے مفاہمت کی عینک اور مصلحت کے دستانے اتار کر ان ملک دشمن عناصر کے خلاف سخت کارروائی کریں۔ انہوں نے کہا کہ قومی یادگار پر حملہ کر کے اسے نقصان پہنچانے والوں کو عبرت کا نشان بنا دیا جائے تا کہ آئیندہ کوئی ایسی مذموم جسارت کرنے کی جرات نہ کرے۔
تبصرہ