سیدہ زینب رضی اللہ عنہا کے مزار اقدس پر حملہ انسانی تاریخ کا بد ترین المیہ ہے۔ ڈاکٹر محمد طاہر القادری

مایہ ناز ہستی کے مزار پر حملہ کرنے والوں نے انسانیت کا سر شرم سے جھکا دیا ہے
سیدہ زینب رضی اللہ عنہا جیسی عظیم المرتبت، بابصیرت اور جرات مند ہستی انسانیت کیلئے فخر کا استعارہ ہے

پاکستان عوامی تحریک کے قائد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے ملک شام میں سیدہ زینب رضی اللہ عنہا کے مزار اقدس پر حملہ کی ناپاک جسارت کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے انسانی تاریخ کا بد ترین المیہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقدس ہستیوں کے مزارات پر حملہ کرنے والوں کو انسان کہنا انسانیت کی توہین ہے۔ دہشت گردی کی بدترین صورت یہ ہے کہ مقدس شخصیات بھی اس سے محفوظ نہ رہیں۔ ایسا قبیح عمل انسانیت کے ماتھے کا ناسور ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیدہ زینب رضی اللہ عنہا جیسی عظیم المرتبت، بابصیرت اور جرات مند ہستی انسانیت کیلئے فخر کا استعارہ ہے۔ یزید کے سامنے کلمہ حق بلند کرنے والی مایہ ناز ہستی کے مزار پر حملہ کرنے والوں نے انسانیت کا سر شرم سے جھکا دیا ہے۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے حکومت شام سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایسے مذموم اور قبیح فعل کے مرتکب افراد کو چوبیس گھنٹے میں گرفتار کر کے قانونی، مذہبی اور اخلاقی تقاضوں کو پورا کرے اور مستقبل میں ایسے انسانیت سوز اور شرمناک واقعات کی روک تھام کیلئے اقدام کرے۔

تبصرہ