چکوال: فرسودہ نظام سے تبدیلی ممکن نہیں، حقیقی تبدیلی کیلئے نظام کو بدلنا ہو گا، ڈاکٹر حسن محی الدین قادری

چکوال ( ) انقلاب کیلئے تیاری کرنا آپ کا جبکہ آواز دینا قائد کا کام ہے۔ شاہ رخ اور شاہ زیب جب تک برابر کے شہری نہیں بن جاتے تبدیلی تب تک نہیں آئے گی، اس فرسودہ نظام سے تبدیلی کی امید نہیں رکھی جا سکتی۔ پاکستان میں حقیقی تبدیلی کیلئے نظام کو بدلنا ہو گا، ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے انتخابات سے قبل کے جو حقائق بیان کیے تھے آج وہ من و عن صحیح ثابت ہو رہے ہیں۔ عوام مہنگائی کی چکی میں پستی جا رہی ہے جبکہ موجودہ حکمرانوں نے عوام کو فقط سبز باغ ہی دکھائے۔ حکمرانوں کا نعرہ کہ بجلی ختم کر کے دم لیں گے وقت کے ساتھ صحیح ثابت ہو گیا۔ ان خیالات کا اظہار صدر سپریم کونسل تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام چک بھون میں بیداری شعور عوامی اجتماع میں کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک بھر میں بیداری شعور اجتماعات کا سلسلہ جاری ہے اور یہ پروگرام اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے لانگ مارچ کے دوران جو مطالبات پیش کیے تھے آج وہ ہر ایک کی آواز بن چکے ہیں۔ عوام کے سامنے اس کھوکھلی جمہوریت کا چہرہ فقط تین ماہ کے اندربے نقاب ہو گیا ہے۔ ہمیں دو کروڑ ووٹرز کی نہیں بلکہ دو کروڑ نمازیوں کی ضرورت ہے کیونکہ ووٹر تو بک سکتا ہے مگر نمازی جو اللہ کے حضور جھکتا ہے وہ کسی کے آگے بک نہیں سکتا۔ پروگرام میں ہزاروں کی تعداد میں مرد و خواتین نے شرکت کی۔ اس موقع پر احمد نواز انجم نائب ناظم اعلیٰ منہاج القرآن انٹرنیشنل، علامہ محمد افضال احمد نائب ناظم دعوت تحریک منہاج القرآن، کوآرڈینیٹر راولپنڈی ڈویژن ملک مظفر خان، ساجد محمود کوآرڈینیٹر اسلام آباد، مرکزی سیکرٹری اطلاعات تحریک منہاج القرآن قاضی فیض الاسلام بھی موجود تھے۔ جبکہ ضلعی قائدین میں حاجی عبدالغفور شیخ امیر تحریک منہاج القرآن ضلع چکوال و چوہدری نذر حسین منتظم اعلیٰ منہاج القرآن اسلامک سنٹر چک بھون نے مہمانان کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر منہاج القرآن اسلامک سنٹر چک بھون کے فارغ التحصیل حفاظ کرام کی دستار بندی بھی کی گئی۔

تبصرہ