ڈیرہ غازی خان: پاکستان عوامی تحریک کے زیراہتمام مہنگائی، کرپشن اور دہشت گردی کے خلاف احتجاجی ریلی

پاکستان عوامی تحریک کے صدر شیخ زاہد فیاض کی زیرقیادت مہنگائی، کرپشن، بدامنی اور قومی اداروں کی نجکاری کے خلاف ڈیرہ غازیخان ہسپتال چوک سے احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں پاکستان عوامی تحریک یوتھ ونگ، ویمن ونگ اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے علاوہ مجلس وحدت المسلمین اور دیگر علاقائی جماعتوں کے کارکنوں اور خواتین کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔ ریلی کے شرکاء نے مہنگائی، کرپشن اور بدامنی کے خلاف تحریروں پر مبنی پینا فلیکس، پلے کارڈز اور بینرز اٹھا کر اندرون شہر کی مختلف سڑکوں پر پیدل مارچ کیا اور حکومت کے خلاف شدید نعرہ بازی کی۔

ٹریفک چوک پر ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے صدر پاکستان عوامی تحریک شیخ زاہد فیاض نے کہا کہ دہشت گردی کے ناسور سے نجات کے لیے انقلابی اقدامات کی ضرورت ہے۔ جو موجودہ حکمرانوں میں نہیں ہے، ہر کوئی جانتا ہے کہ بدامنی کا ذمہ دار کون ہے، امن کے لیے کی جانے والی کاوشیں کامیاب نہ ہو سکیں، اس ملک میں جانوں کے ضیاع کی رفتار بڑھتی جا رہی ہے۔ ملک کے اثاثے سیل پر ہیں پاکستان کسی حکمران یا سیاسی لیڈر کے خاندان کی جائیداد نہیں یہ ملک کسی کی وراثت نہیں کہ اس کے ادارے جب چاہیں جس بھاؤ چاہیں بیچ دیں۔ ادارے 18 کروڑ عوام اور ریاست پاکستان کی ملکیت ہیں ڈاکہ زنی کا عمل نہ رکا تو عنقریب ایک کروڑ پاکستانیوں کا انقلاب آ رہا ہے عوامی انقلاب کے بعد بددیانتی اور کرپشن پر مبنی نج کاری کو منسوخ کر کے ریاست پاکستان کے اثاثے واپس لوٹا دیئے جائیں گے۔

ریاض احمد علیانی ڈسٹرکٹ آرگنائزر پاکستان عوامی تحریک ڈیرہ غازیخان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غریب عوام ڈاکٹر طاہرالقادری کی قیادت میں اکڑی گردنوں سے سریے نکال دیں گے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کا چوروں، لٹیروں اور وڈیروں سے کوئی مطالبہ نہیں بلکہ ان کی طاقت تو غریب عوام ہیں۔ اس موقع پر قمر عباس دھول، طارق رحیم، خواجہ جاوید، غلام حیدر، امیر محمد، مفتی جمیل قادری کے علاوہ سیکڑوں مرد و خواتین نے شرکت کی۔

تبصرہ