اوکاڑہ: سابق ناظم مظہر فرید سیال کا پاکستان عوامی تحریک میں شمولیت کا اعلان

پاکستان عوامی تحریک اوکاڑہ کے زیراہتمام موضع جوئیہ میں علاقے کی معروف سماجی و سیاسی شخصیت قاری مظہر فرید سیال کے ڈیرہ پر ایک عظیم الشان ورکرز کنونشن منعقد ہوا جس میں تحریک منہاج القرآن کی تمام تنظیمات کے علاوہ علاقہ بھر کی معروف سماجی و روحانی شخصیات نے شرکت کی۔ کنونشن کی صدارت ڈویژنل ناظم پاکستان عوامی تحریک ڈاکٹر تنویر اعظم سندھو نے کی، جبکہ ضلعی امیر تحریک منہاج القرآن محمد حفیظ قادری اور نائب امیر تحریک منہاج القرآن اوکاڑہ مشتاق رحمانی بھی اس موقع پر موجود تھے۔

کنونشن کا آغاز تلاوت کلام مجید سے ہوا جس کی سعادت قاری خضر حیات نے حاصل کی۔ آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں عقیدت کے پھول قاری خضر حیات نے نچھاور کئے۔

آرگنائزر پاکستان عوامی تحریک اوکاڑہ خالد محمود نے حاضرین کے سامنے پاکستان عوامی تحریک کا انقلابی منشور پیش کیا اور کہا کہ ہمارا منشور ہے کہ ہم بے گھر افراد کو گھر دیں گے۔ غریب کے یوٹیلیٹی بلز میں نصف رعایت کریں گے۔ دہشت گردی کا خاتمہ کریں گے۔

میزبان محفل قاری مظہر فرید سیال سابق ناظم یونین کونسل 12 جی ڈی اور کسان اتحاد کے تحصیلی صدر نے چیئرمین پاکستان عوامی تحریک شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور باقاعدہ طور پر پاکستان عوامی تحریک میں شمولیت کا اعلان کیا۔

مظہر فرید سیال نے اپنے خطاب میں گفتگو میں کہا کہ میں اس مشن کے فروغ اور پاکستان میں اس طاغوتی نظام کے خاتمے کے لئے ڈاکٹر طاہرالقادری کا مکمل ساتھ دوں گا۔ کھچی برادری کے بہت سے افراد نے بھی پاکستان عوامی تحریک میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔

آخر میں ڈویژنل ناظم ڈاکٹر تنویر اعظم سندھو نے خطاب کنونشن کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اس طاغوتی و استحصالی نظام کے خاتمے اور پاکستان میں مصطفوی انقلاب برپا کرنے کے لئے ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا ساتھ دینا ہو گا۔ اگر ہم ان کے دست و بازو بنے تو وہ دن دور نہیں جب پاکستان میں انقلاب برپا ہو جائے گا اور ان ظالم حکمرانوں کا تختہ الٹ دیا جائے گا۔

تبصرہ