ڈاکٹر طاہرالقادری نے لاہور میں منہاج القرآن کے مرکز سے رکاوٹیں ہٹانے اور پولیس گردی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت میری آمد کے خوف سے کارکنوں کو ہراساں کر رہی ہے، رات کے اندھیرے میں پولیس کی جانب سے انتقامی کارروائی کی جا رہی ہے، ایسے دہشت گردانہ اقدامات انقلاب کو روک نہیں سکتے۔ ہم پرامن ہیں اور بدستور پرامن رہنا چاہتے ہیں، لیکن حکمران اپنی بوکھلاہٹ میں اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں۔
ڈاکٹر قادری نے کہا کہ منہاج القرآن سیکرٹریٹ کے گرد سیکیورٹی بیریئرز چار سال قبل ہائی کورٹ کے حکم سے ماڈل ٹاون پولیس کی نگرانی میں لگائے گئے تھے۔ اس وقت جب طالبان نے لاہور کو آگ لگا دینے کی دھمکی دے رکھی ہے، پولیس سیکیورٹی بیریئرز کو ہٹا کر دہشت گردوں کو موقع دے رہی ہے، سیکیورٹی کو بڑھانے کی بجائے ختم کر رہی ہے۔ انکے اس اقدام سے یہ واضح ہوگیا کہ سیکیورٹی بیریئرز ہٹانے کے بعد وہ دہشت گردانہ کارروائی کرانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پرامن کارکنوں پہ کئے گئے حملے سے میری پیشگی ایف آئی آر درست ثابت ہوگئی۔ حکومت نے جو سفاکانہ اقدام کیا ہے وہ دہشت گردی کے فروغ کا راستہ کھولے گا۔ انہوں نے کہا کہ بوکھلاہٹ کا شکار نواز شریف، شہباز شریف اور رانا ثناء اللہ جیسے لوگ اس ملک کا امن و سکون برباد کرنا چاہتے ہیں۔
اس کرپٹ حکومت نے رات کے اندھیرے میں پولیس بھیج کر اپنی بزدلانہ حرکت سے یہ ثابت کر دیا کہ وہ انقلاب سے کس قدر خوفزدہ ہے۔
#StateTerrorism
— ڈاکٹر طاہرالقادری (@TahirulQadriUR) June 17, 2014
ڈاکٹر قادری نے کہا کہ یہ ہمارا پہلا امتحان ہے، ہم ان ظالم حکمرانوں کے سامنے نہیں جھکیں گے، انقلاب آنے میں بس چند دن باقی ہیں۔ حکمرانو! تم انقلاب کو نہیں روک سکتے، تم اپنا اصلی رنگ دکھا رہے ہو، تمہاری ایسی حرکتوں سے انقلاب مزید جلد آئے گا۔ انقلابی جان تو دے دیں گے مگر بددیانت حکمرانوں کے ظلم کے سامنے اپنا سر نہیں جھکائیں گے۔ میں اپنے کارکنوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، جنہوں نے بھاری مشینری کے باوجود کرپٹ حکمرانوں کا حملہ ناکام بنا دیا۔ پولیس نے پرامن کارکنوں کو ڈرانے کیلئے اشتعال انگیز کارروائی کی، نہتے اور پرامن شہریوں کو زخمی کر دیا، تاہم وہ اس میں ناکام رہے۔ انہوں نے کہا کہ کرپٹ حکمران اشتعال انگیزی کی آخری حد تک جا سکتے ہیں مگر ہمارے کارکن پرامن رہ کر انہیں شکست دیں گے۔
دہشت گردوں نے لاہور کو آگ لگا دینے کی دھمکی دے رکھی ہے، ایسے میں پولیس سیکیورٹی کو بڑھانے کی بجائے ختم کر رہی ہے۔
#StateTerrorism
— ڈاکٹر طاہرالقادری (@TahirulQadriUR) June 16, 2014
تبصرہ