حکومت نے تشدد کا راستہ اپنایا تو انقلاب آج ہی آجائے گا، ڈاکٹر طاہرالقادری کی لندن سے وطن واپسی پر میڈیا سے گفتگو


میرا کسی سے کوئی رابطہ نہیں، جس سے بھی رابطہ ہے میڈیا کے ذریعے ہی ہے،ڈاکٹر طاہرالقادری

لندن: پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہنا ہے کہ حکومت اپنی قبر خود ہی کھود رہی ہے اگر اس نے تشدد کا راستہ اپنایا تو انقلاب آج ہی آجائے گا۔

لندن سے دبئی روانگی سے قبل میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں،وہ پُرامن طریقے سے لاہور آنا چاہتے ہیں، پھر بھی نجانے حکومت کو کس چیز سے خطرہ ہے؟۔ حکومت ہوش کے ناخن لے اور امن و امان خراب نہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا کسی سے کوئی رابطہ نہیں، جس سے بھی رابطہ ہے میڈیا کے ذریعے ہی ہے۔

ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت پاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں کو تشدد کا نشانہ بناکر اپنی قبر خود ہی کھود رہی ہے۔ ہمارے کارکن تشدد نہیں کرنا چاہتے اور اگر حکومت نے تشدد کا راستہ اپنایا تو انقلاب آج ہی آجائے گا۔ وہ مسلح افواج سے اپیل کرتے ہیں کہ حکومت کے اس اقدام کو رکوانے میں اپنا کردار ادا کرے۔

واضح رہے کہ ڈاکٹر طاہرالقادری پیر کی صبح کینیڈا سے براستہ لندن اور دبئی اسلام آباد پہنچ رہے ہیں۔

ذریعہ: http://www.express.pk/story/264798/

تبصرہ