منہاج القرآن انٹرنیشنل یونان کے زیر اہتمام مورخہ 23 جون 2104 کو سانحہ ماڈل ٹاون لاہور کے خلاف تحریک منھاج القرآن یونان کی طرف سے سفارتخانہ پاکستان یونان کے سامنے حکومتی دہشت گردی کے خلاف بھرپور احتجاج کیا گیا جس میں یونان کی مرکزی قیادت سمیت منہاج القرآن کے تمام فورمز، پاکستان عوامی تحریک، ذیلی مراکز، ویمن لیگ، سیاسی و سماجی شخصیات، صحافی برادری اور عوام الناس نے بھرپور شرکت کی۔
احتجاج کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا جس کی سعادت خالد محمود قادری (امام و خطیب مرکز منہاج القرآن ریندی۔ یونان) نے حاصل کی، نعت کا نذرانہ عمران حیدر(نائب ناظم منہاج القرآن یونان) نے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں بڑی عقیدت سے پیش کیا، اس کے بعد سانحہ ماڈل ٹاون لاہور پر مختلف اکابرین نے اس واقعے کی پر زور مذمت کی اور اس عمل کو حکومت کی نااہلی اور ریاستی دہشت گردی کہا جنہوں نے نہتی پر امن عوام پر بیریئر ہٹانے کی آڑ میں سیدھی گولیاں چلائیں جس سے چودہ شہید (جن میں دو خواتین بھی شامل ہیں)، چوراسی زخمی اور اسی طرح ڈیڑھ سو سے دو سو افراد مسنگ پرسن کی لسٹ میں بھی موجود ہیں جن کا ابھی تک کوئی پتہ نہیں چل سکا۔کیا یہ جمہوریت کے زمرے میں آتا ہے کہ اپنی ذاتیات پر نہتی عوام پر گالیاں چلائیں اور پھر بیان یہ دینا کہ ہمیں اس آپریشن کا علم ہی نہیں ہے۔
صدر پاکستان عوامی تحریک چوہدری مدثر خادم سوہل نے اس واقعے کی مذمت کی اور کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ منہاج القرآن ایک پر امن تحریک ہے جس کا ثبوت 2013 کا ڈاکٹر طاہرالقادری کی قیادت میں(جو کہ خود امن کا گہواری بن چکے ہیں) لانگ مارچ اور منہاج القرآن کا وولڈ وائیڈ نیٹ ورک جس سے آج تک دنیا کے سو ممالک میں کسی شکایت کا نام و نشان بھی نہیں ملتا اور جو لوگ بھی اس گناونی سازش میں مبتلا ہیں انھیں کیفر کردار تک پہنچانا ہو گا۔ اس کے بعد منہاج القرآن یونان کی طرف سے قرار داد مذمت پیش کرنے کے لئے آٹھ رکنی وفدسیکرٹری سفارتخانہ پاکستان یونان جناب شفقت اللہ خان سے ملاقات کی جس پر سیکرٹری سفارتخانہ پاکستان نے بھی سانحہ ماڈل ٹاون لاہور پر بھرپور مذمت کی۔ سات رکنی وفد میں قائم مقام صدر منہاج القرآن یونان راجہ ضیاء الحق، نائب ناظم عمران حیدر، صدر مجلس شورٰی میر محمد عارف بٹ، صدر پاکستان عوامی تحریک چوہدری مدثر خادم سوہل، ناظم نشرواشاعت مرزا محمد امجد جان، قاری مدثر مصطفیٰ(امام و خطیب مرکز منہاج القرآن کیپسیلی) اور حافظ لقمان احمد(امام جامع مسجد پیرستیری)شامل تھے۔ آخر میں ملک کی سالمیت، حضور شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہر القادری کی صحت و تندرستی اور افواج پاکستان کی کامیابی کے لئے دعائیں کی گئیں۔ منہاج القرآن یونان کی طرف سے تمام احتجاج میں شرکت کرنے والے دوست احباب کا شکریہ ادا کیا گیا۔
رپورٹ: مرزا امجد جان
تبصرہ