پاکستان عوامی تحریک چکوال کے زیر اہتمام ملک بھر کی طرح چکوال میں بھی پاک فوج کے شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن کی حمایت میں ایک ریلی نکالی گئی جو دفتر پاکستان عوامی تحریک جی پی او سے شروع ہوئی اور بھون چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی اور فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ ریلی میں خواتین نے بھی شرکت کی۔ یاد رہے کہ ڈاکٹر طاہر القادری کی کال پر گزشتہ جمعہ سے لگاتار 5جمعۃ المبارک تمام تحصیلوں میں فوج سے اظہار یکجہتی اور آپریشن کی حمایت میں ریلیاں نکالی جائیں گی۔ ریلی کی قیادت پاکستان عوامی تحریک کے عہدیداران جن میں حاجی عبدالغفور شیخ، حاجی مزمل عباس، حاجی محمد صفدر، سید تصور منظور شاہ، سید شاہد منظور شاہ، ملک طاہر ایڈووکیٹ، حافظ محمد خان، طارق محمود، محمد ارسلان قادری، توقیر عباس، توقیر اعوان ایڈووکیٹ، وغیرہ نے کی جبکہ مجلس وحدت المسلمین سے سید اعجاز حسین ہمدانی، محمد سرور کھوسہ، وسیم عباس نے بھی قیادت کی۔ جبکہ خواتین کی نمائندگی عظمی عروج ملک، رافعہ عروج ملک، نور جہاں نے کی۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے شرکاء نے کہا کہ افواج پاکستان دہشت گردوں اور ملک دشمنوں کے خلاف برسر پیکار ہیں۔ ان کا جہاد عین حق ہے، ڈاکٹر طاہرالقادری نے آج سے 6 برس قبل دہشت گردی کے خلاف فتویٰ جاری کیا اور ایسے دہشت گردوں کے خلاف جہاد کو قرآن و حدیث سے ثابت کیا۔ مقررین کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی افواج دہشت گردوں کے نام نہاد مذہبی ونگ کا قلع قمع کرنے میں مصروف ہے جبکہ انشاء اللہ ڈاکٹر طاہرالقادری ان دہشت گردوں کے سیاسی ونگ کو اس کے انجام تک پہنچانے کیلئے انقلاب کی کال جلددینے والے ہیں۔ آخر میں ملک کی سلامتی اور افواج پاکستان کیلئے اور اس آپریشن کی کامیابی کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔
تبصرہ