اسلام ٹائمز: مولانا حسنین عارف کا ہنگامی اجلاس میں کہنا تھا کہ اب ضرورت ہے کہ عوام ملک میں بڑھتی ہوئی لا قانونیت، ظلم و بربریت، مہنگائی اور خاندانی سیاست کے ہاتھوں عوام کے استحصال کے خلاف اُٹھ کھڑے ہوں۔
اسلام ٹائمز۔ مدارسِ جعفریہ پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا حسنین عارف نے کہا ہے کہ سعودی نواز، شریف حکومت کا خاتمہ اب ضروری ہو گیا ہے۔ لاہور میں اراکینِ مدارسِ جعفریہ پاکستان کے ایک اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب ضرورت ہے کہ عوام ملک میں بڑھتی ہوئی لا قانونیت، ظلم و بربریت، مہنگائی اور خاندانی سیاست کے ہاتھوں عوام کے استحصال کے خلاف اُٹھ کھڑے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ علامہ طاہرالقادری کے انقلاب مارچ کی مکمل حمایت کرتے ہیں اور اس سلسلہ میں بھرپور تعاون کا یقین دلاتے ہیں، علامہ طاہرالقادری اور اتحادی جماعتوں سے علمائے کرام کی اس سلسلہ میں تفصیلی ملاقات میں کئی امور زیرِ گفتگو آ چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں مدارسِ جعفریہ پاکستان سے الحاق شدہ تمام مدارس عوام میں اس اہم ترین وقت میں اپنا کردار ادا کریں گے، اس سلسلہ میں عوام میں شعور اجاگر کرنے کی مہم چلائی جا چکی ہے جس میں عوامی رابطہ، خواص اور شخصیات سے رابطے کی مہم شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ چوری شدہ الیکشن کے جعلی میندیٹ سے بننے والی حکومت عوامی سیلاب کے سامنے نہیں رک سکے گی، ماڈل ٹاؤن میں جو گزشتہ ماہ ہوا وہ اس حکومت کے ظلم کی ایک جھلک تھی۔ عوام کو حکومت کے ہر اوچھے ہتھکنڈے سے نمٹنے کے لئے تیار رہنا ہو گا۔
ذرائع: اسلام آباد ٹائمز آن لائن
تبصرہ