روزنامہ پاکستان: محکمہ تعلیم منہاج یونیورسٹی، سکولز بند کرنے میں ناکام، حکومتی شخصیات ناراض

لاہور (ویب ڈیسک): محکمہ تعلیم منہاج یونیورسٹی اور صوبے بھر میں قائم منہاج القرآن سکولوں میں خامیاں ڈھونڈ کر انہیں بند کرنے میں ناکام ہوگیا اور قوائد و ضوابط پورے ہونے کی رپورٹ پر اعلیٰ حکومتی شخصیات نے ناراضگی کا اظہارکرتے ہوئے محکمہ تعلیم کے افسران کو جھاڑ پلا دی۔ تفصیلات کے مطابق طاہرالقادری کے احتجاج کو روکنے اور ان کارکنوں کے خلاف کارروائیوں کے ساتھ ساتھ منہاج القرآن کے زیراہتمام چلنے والے تعلیمی اداروں کے خلاف انتقامی کارروائی کرتے ہوئے انہیں بند کرنے کا حکم محکمہ تعلیم کے افسران کو دیا گیا تھا۔ منہاج یونیورسٹی کو کسی بہانے بند کر کے تالے لگانے کے لئے وہاں کسی قسم کی غیر قانونی سرگرمیاں ڈھونڈنے کی محکمہ تعلیم ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے بہت کوشش کی اور یونیورسٹی انتظامیہ کو ہراساں کرنے کے لئے نوٹس بھی بجھوائے لیکن قواعد و ضوابط پر پورا اترنے کے باعث محکمہ کسی قسم کی کارروائی کرنے میں ناکام رہا اسی طرح کی صورتحال منہاج القرآں فاؤنڈیشن کے زیراہتمام چلنے والے سکولوں کی ہے۔ ذرائع کے مطابق منہاج القرآن یونیورسٹی اور سکولوں کو بند کروانے کے لئے کئی اعلیٰ حکومتی شخصیات محکمہ تعلیم کے افسران کے ساتھ مسلسل رابطہ میں رہیں لیکن جب تعلیمی ادارے قواعد و ضوابط کے مطابق ہونے کی رپورٹ موصول ہوئی تو اس پر محکمہ تعلیم کے افسران کو لعن طعن بھی کی گئی اور انہیں نالائق اور کاہل کے خطابات سے بھی نوازاگیا۔

ذرائع: روزنامہ پاکستان

تبصرہ