مجھ سے بڑا لینن، اسٹالن اور کارل مارکس کوئی نہیں ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری

اسلام آباد: پاکستان عوامی تحریک( پی اے ٹی) کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ مجھ سے بڑا مارکس، اسٹالن اور لینن کوئی نہیں ہے میرا عربی لباس سنت کی پیروی ہے انقلاب کے بعد پاکستان میں غریبوں کی حکومت ہو گی۔

اسلام آباد میں دھرنے میں بیٹھے ہوئے کارکنوں سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم اسلام آباد سے جا چکے ہیں، پاکستان میں ظلم کی حکمرانیت ہے اس ملک میں ظلم کا نظام نہیں چلنے نہیں دیں گے، ملک کو گلو کریسی نے تباہ کر دیا ہے۔

اس موقع پر پی اے ٹی کارکنان پر جوش انداز میں ’’گو نواز گو‘‘ کے نعرے لگاتے رہے۔

طاہر القادری نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم کو اللہ نے بڑا ٹیلنٹڈ بنایا ہے کہتے ہیں ان سے دہشت گردی ختم نہیں ہو رہی، یہ خود چور ہیں یہ کہاں سے اس ملک میں بد امنی ختم کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ انقلاب کے بعد کسی کرپٹ حکومت کو نہیں آنے دیں گے۔

انہوں نے استعارہ استعمال کرتے ہوئے کہا کہ سب لٹیروں کو نتھ ڈال دی جائے گی۔

طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کے گالوں پر لالی اور خون غریبوں کے پیسے سے بنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم خواتین کو مردوں کے برابر عزت دینا چاہتے ہیں، جو گرانٹ ملتی ہے تعلیم، صحت اور خواتین کی ترقی کے لیے ملتی ہے، نوجوانوں کو آگے لایا جائے گا اور اب علامہ اقبال، قائد اعظم، قرآن، خلافت اور غریبوں کا نظام آئے گا۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں ایسا نظام چاہتے ہیں جس میں کوئی محروم نہ رہے۔

پی اے ٹی کے سربراہ نے دعوی کیا کہ ملک میں مختلف ذرائع سے سالانہ 4 ہزار ارب روپے کی آمدن ہو سکتی ہے اور میرے پیش کردہ عوامی ایجنڈے میں دئیے گئے مطالبات انہیں 4 ہزار ارب روپے میں ہو سکتے ہیں۔

انہوں نے کارکنوں کو بتایا کہ انقلاب کے بعد سخت احتساب کریں گے اور اس احتساب کا آغاز اپنے آپ سے کریں گے۔

انہوں نے دعوی کیا کہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کا فیصلہ فوج نے کیا، نواز شریف نے 48 گھنٹے بعد بوجھل دل سے اس کا اعلان کیا، اس آپریشن سے فوج نے دہشت گردی کا خاتمہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے آپریشن سے بد امنی اور دہشت گردی کا خاتمہ کر دیا ہے ہم انقلاب سے ملک میں معاشی اور معاشرتی دہشت گردی کا خاتمہ کر دوں گا۔

انہوں نے ایک بار پھر سے اعلان کیا کہ ہم سے اس وقت تک اسلام آباد سے نہیں جائیں گے جب تک انقلاب نہ آ جائے، انقلاب ضرور آئے گا جو چھوڑ کر جانا چاہتا ہے اس سے کو کھلی اجازت ہے وہ جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج رات 12 بجے کے بعد ڈیڈ لائن میں صرف 24 گھنٹے رہ جائیں گے۔

ذرائع: ڈان نیوز اردو

تبصرہ