اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان عوامی تحریک کے ساتھ حکومتی مذاکراتی کمیٹی کی ملاقات کی اندرونی کہانی بھی سامنے آگئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان عوامی تحریک کی جانب سے حکومتی کمیٹی سے تندو تیز سوالات کئے گئے تاہم کمیٹی ان سوالات کے خاطر خواہ جوابات نہ دے سکی۔ کمیٹی کے ممبران سے جب رحیق عباسی نے پو چھا کہ آپ حکومت بچانے آئے ہیں یا جمہوریت؟ تو اس پر ممبران نے خاموشی میں ہی بہتری جانی۔ اس کے بعد حامد رضا نے کہا کہ آج عدالتی حکم کو آئے چار روز ہو گئے مگرسانحہ ماڈل ٹاون کی ایف آئی آر درج نہیں کی گئی حالانکہ ایف آئی آر کے اندراج میں پانچ منٹ لگتے ہیں۔ اس پر حکومتی کمیٹی کی جانب سے ایف آئی آر کٹنے پر انیس افراد کے خلاف کاروائی کی یقین دہانی کروائی گئی۔ اس کے بعد عوامی تحریک کے نمائندوں نے تمام تر مطالبات حکومتی کمیٹی کے سامنے رکھتے ہوئے کہا کہ ان پر عمل اس وقت تک ممکن نہیں ہے جب تک حکومت موجود ہے۔ملا قات کے دوران وفاقی وزیر احسن اقبال کی جانب سے عوامی تحریک کے نمائندوں کو جوابات دینے کی کوشش کی گئی تاہم وہ ان کو مطمئن نہ کر سکے۔ ملاقات کے اختتام پر رحیق عباسی کی جانب سے احسن اقبال کو کہا گیا کہ وہ اگلی ملاقات میں بھی ضرور تشریف لائیں کیونکہ ان کو شک ہے کہ وہ اگلی بار تشرف نہیں لائیں گے۔ جس پر احسن اقبال نے کہا کہ وہ ضرور آئیں گے۔
ذرائع: ڈان نیوز اردو
تبصرہ