پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ موجودہ سیاسی نظام قائداعظم کے اصولوں کا باغی ہے، ملک کا سارا نظام آئین سے بغاوت ہے، حکمرانوں نے عوام سے ان کے حقوق چھین لئے ہیں، وہ وقت دور نہیں جب حکمرانوں کا جب محاسبہ ہوگا۔
اسلام آباد میں دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ فوارہ چوک پر ہمارے کارکن پر تشددکرکے ستر ہزارچھین لئے،پولیس والوں سے کارکنوں پر تشددکا حساب لوں گا، پولیس والوں پر بہت بڑا عذاب نازل ہونے والاہے۔ انہوں نے کہاکہ آقائے دوجہاں نے دنیا میں جمہوریت کی بنیاد رکھی،قائداعظم کے مطابق دین اسلام کی بنیاد عدل وانصاف ہے،اسلام میں امیر وغریب کا کوئی فرق نہیں،اسلام برابر اور مساوات کا درس دیتا ہے۔
طاہرالقادری نے کہاکہ موجودہ جمہوریت میں فیصلے عوام نہیں حکمران کرتے ہیں،آئین کہتا ہے عوام اپنے پسند کے حکمران منتخب کریں۔ انہوں نے کہاکہ چینی صدر کا دورہ پاکستان کنفرم نہیں حکمرانوں نے عوام سے جھوٹ بولا،حکمران دنیا سے اپنا اصل چہرہ چھپانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے عزم طاہر کیا کہ قائداعظم کا کھویا ہوا پاکستان واپس لیں گے،انقلاب کے بعد تمام اداروں کو آزاد کریں گے، حکمرانوں سے لوٹی ہو دولت کا حساب لیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ انقلاب فرانس اور روس کی طرح یہ ریلا آگے بڑھے گا،وزیراعظم سے معافی منگوانے نہیں، ایوانوں سے نکالنے کیلئے آئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے حکمرانوں نے بند وہاں سے توڑے جہاں غریبوں کی بستیاں تھیں،دو پاکستان ہیں، ایک محلات اور دوسرا اجڑے گھروں میں بستا ہے۔ طاہر القادری نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پارلیمنٹ کا اتنا طویل مشترکہ اجلاس نہیں ہوا،عوام کا انقلاب وزیراعظم کو گھسیٹ کر پارلیمنٹ میں لایا،ایسا نظام چاہتے ہیں جن عوام اپنے حقیقی نمائندے چن سکیں۔
ذرائع: اب تک نیوز
تبصرہ