انقلاب میں غریب کو انصاف اس کے گھر کی دہلیز پر ملے گا، ڈاکٹر طاہرالقادری کا احمدپور سیال میں متاثرین سیلاب سے خطاب

سیلاب زدگان نے اپنے غم بھلا کر احمدپور سیال میں جھنگ کی تاریخ کا سب سے بڑا انسانی سمندر جمع کر دیا ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری

ڈاکٹر طاہرالقادری فیصل آباد کے جلسہ عام "انقلاب ان فیصل آباد" کے بعد جھنگ کے سیلاب زدہ علاقوں کے دورہ کیلئے 14 اکتوبر کو فیصل آباد سے روانہ ہوئے، ہر ہر شہر، قصبہ، گاوں کے ہزارہا لوگوں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ جھنگ چنیوٹ موڑ، ایوب چوک، صدر، ہیڈتریموں، اٹھارہ ہزاری، گڑھ موڑ اور احمد پور سیال میں انسانی سروں کا سمندر ڈاکٹر قادری کو خوش آمدید کہنے کیلئے امنڈ آیا، استقبال میں شریک ہزارہا خواتین و حضرات، بچے، بوڑھے، نوجوان کرپٹ نظام کے خاتمے اور گو نواز گو کے نعرے لگاتے رہے۔

متاثرین سیلاب گڑھ موڑ اور احمدپور سیال کے بہت بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کے علاوہ پاکستان کی کوئی بھی سیاسی جماعت ضلع جھنگ کے ہیڈ کوآرٹر پر اتنا بڑا جلسہ نہیں کر سکی۔ سیلاب زدگان نے اپنے غم بھلا کر آج تحصیل احمد پور سیال میں تاریخ کا سب سے بڑا انسانی سمندر جمع کر دیا ہے۔ آج اس دھرتی پر انقلاب کا جو منظر میں دیکھ رہا ہوں، یہ ظالموں اور جابروں کے بت پاش پاش کر دے گا۔ صرف 3 دن کے نوٹس پر، بغیر کسی تشہیری مہم کے عوام کا ٹھاٹھے مارتا سمندر جمع ہے، اب کوئی انقلاب کو روک نہیں سکتا۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا یہ وہ دھرتی ہے جس نے مجھے جنم دیا ہے، اٹھارہ ہزاری میں عوام کا سمندر دیکھ کر یوں لگا جیسے دوبارہ دھوبی گھاٹ آ گیا ہوں۔ پاکستان عوامی تحریک کیلئے جھنگ انتخابات میں ناقابل شکست قلعہ ثابت ہوگا، جابروں اور ظالموں کو شکست ہوگی۔ قوم کیلئے گونواز گو کا نعرہ انقلاب مارچ کے دھرنے کا تحفہ ہے، جس نے قوم کی سوچ اور فکر تبدیل کر دی ہے۔ انقلاب کیلئے ہمارے 2 ماہ کے دھرنے، کارکنوں کی قربانیوں اور استقامت نے 18 کروڑ عوام کی سوچ کو بدل دیا ہے۔ شہداء کے خون کی برکت سے پاکستان کا ہر شہر، قصبہ اور گاوں جاگ اٹھا ہے، جلد انقلاب کی فتح کا نظارہ اقوام عالم دیکھے گی۔

ڈاکٹر قادری نے کہا ہمیں ملک میں دوتہائی اکثریت پیدا کرنی ہے، جس کے ذریعے ہم سیاسی، معاشی اور سماجی نظام بدل کر رکھ دیں گے۔ انقلاب کے نتیجے میں دنیا ایسا پاکستان دیکھے گی جس میں ہر بے گھر کو گھر ملے گا، ہم ایسا نظام لانا چاہتے ہیں۔ مجھے اپنا کوئی لالچ نہیں، فقط غریبوں کیلئے جدوجہد کر رہا ہوں، مجھے اللہ نے دنیا کے صدر اور وزیراعظم سے بڑھ کر عزت دی ہے۔ مجھے فقط یہ لالچ ہے کہ ہر بے گھر کو گھر، ہر بیروزگار کو روزگار ملے اور غریبوں کا مقدر بدل جائے۔

انہوں نے کہا پاکستان عوامی تحریک اقتدار میں آکر لٹیروں سے دولت چھین کر غریبوں کا مقدر بدلے گی اور خوشحالی لائے گی۔ میرا لالچ یہ ہے کہ جس کے پاس اپنی زمین نہیں، اسے زراعت اور کاشتکاری کیلئے مفت زمین دی جائے، وہ اس کا مالک ہو۔ حکمرانوں کے لاکھوں کے کتوں اور گھوڑوں سے زیادہ اہم ملک کے غریب عوام ہیں، ہم ملک کے غریبوں کا مقدر بدلیں گے۔ میرا لالچ یہ ہے کہ غریب کو ہسپتال میں مفت علاج کی سہولت ملے اور ہر بیٹی اور بیٹے کو لازمی تعلیم مفت فراہم کی جائے۔ ملک سے انتہاء پسندی اور فرقہ واریت کا خاتمہ ہو، کوئی کسی کا گلا نہ کاٹے، غیرمسلموں پر کوئی ہاتھ نہ اٹھا سکے۔

انہوں نے کہا میرے تصور پاکستان میں ہر ڈویژن کو صوبہ بنا دیا جائے گا، سپریم کورٹ ضلع میں ہوگا، تاکہ ہر شخص کو اس کی دہلیز پر انصاف ملے۔ پاکستان کے 18 کروڑ غریب عوام ہیں، میں غریبوں کے نمائندوں کو پارلیمنٹ میں بٹھانا چاہتا ہوں۔ ان کا کہنا تھا نیشنل فوڈ سیکورٹی کے مطابق حالیہ سیلاب میں کسانوں کا 240 ارب روپے کا نقصان ہوا اور 25 لاکھ ایکڑ زمین پر تیار فصیلیں تباہ ہوئیں۔ ظالم حکمرانوں نے اپنی شوگر ملز بچانے کیلئے ضلع جھنگ کے غریبوں کو سیلاب کی نذر کر کے اجاڑ دیا۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا پاکستان عوامی تحریک اقتدار میں آ کر ملک کی معیشت کا رخ دیہاتوں اور کسانوں کی طرف موڑ دے گی، زرعی ترقی سے ملک خوشحال ہوگا۔ ہمارے دور حکومت میں تمام فصلوں کی انشورنس کی جائے گی اور جتنا نقصان ہوگا، اسے حکومت پورا کرے گی۔

انہوں نے کہا میں مطالبہ کرتا ہوں کسانوں کو ایک سال کیلئے تمام قرضے بغیر سود کے دئیے جائیں، زرعی ترقیاتی بنک کا 15 فیصد سود پر قرضے دینا ظلم ہیں۔ پاکستان عوامی تحریک اقتدار میں آ کر ایسا نظام دے گی، جس میں نہ چور رہے گا نہ چوری، اگر چوری ہوئی تو نقصان حکومت پورا کرے گی۔

تبصرہ