شہید کارکنوں کا قصاص ہر صورت لیا جائیگا، سانحہ واہگہ ٹاؤن حکومت
کی ناکامی ہے
پاکستان عوامی تحریک کی فیڈرل کونسل کے صدر شہدائے ماڈل ٹاؤن اور سانحہ واہگہ بارڈر
کے شہداء کے گھر گئے
خون دور کی بات کارکنوں کے پسینے کا بھی سودا نہیں ہو سکتا، شہید کارکنوں کا قصاص ہر صورت لیا جائیگا۔ سانحہ واہگہ بارڈر دہشت گردی کے ذمہ دار نااہل حکمران ہیں، جنہیں عوام کے جان مال کی کوئی پروا نہیں، حکمرانوں نے عوام سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے، ظالموں کو آئین و قانون کے مطابق سزا دلوا کر دم لیں گے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان عوامی تحریک کی فیڈرل کونسل کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے شہدائے ماڈل ٹاؤن اور سانحہ واہگہ بارڈر دہشتگردی کے دوران شہید ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے گفتگو کے دوران کیا۔ وہ فرداً فرداً شہداء کے اہل خانہ سے ملے ان کی خیریت دریافت کی ان کے جذبہ اور ہمت کی داد دی اور کہا کہ انقلاب کے عظیم مقصد کیلئے بہنے والا یہ خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ شہداء کی قربانیاں قوم کو ان کے آئینی حقوق دلائیں گی اور ظلم کے نظام کا خاتمہ ہو گا۔
اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قائد انقلاب ڈاکٹر طاہرالقادری عوام کے حقوق اور پاکستان کے وقار کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ ان کی جدوجہد سے عوام کو شعور ملا، عوام کے تعاون سے جاری رہنے والی جدوجہد جلد انقلاب کی منزل تک پہنچے گی۔ انہوں نے کہا کہ خیبر تا کراچی ملک جل رہا ہے، دہشتگردی کے خاتمہ کیلئے افواج پاکستان قابل فخر قربانیاں دے رہی ہیں مگر صوبائی حکومت کی نااہلی کی وجہ سے عوام امن کے ثمر سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 70 دن کے تاریخی دھرنے نے پاکستان کی سیاست کا نقشہ بدل دیا۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی FIR کے بعد اب تک جے آئی ٹی کا نہ بننا اور تفتیش کا آغاز نہ ہونا لاقانونیت کی انتہا ہے، مگر شہداء کا خون رنگ لائے گا اور قاتل اپنے انجام کو پہنچیں گے۔ انہوں نے سانحہ واہگہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے حکمرانوں کی بدترین ناکامی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ قوم حکومت سے سوال کرتی ہے کہ آئے روز درجنوں افراد کا دہشت گردی کی بھینٹ چڑھ جانے کا ذمہ دار کون ہے؟ انہوں نے کہا کہ خاندانی بادشاہت کا نظام تمام برائیوں کی جڑ ہے، پاکستان عوامی تحریک ووٹ کی طاقت سے اس نظام کو بدلے گی۔
تبصرہ