سانحہ ماڈل ٹاؤن کی تحقیقات کے لیے غیر جانبدار ٹیم نہیں بنائی گئی
جسے مسترد کرتے ہیں۔ رحیق عباسی
فیصل آباد: پاکستان عوامی تحریک کے صدر رحیق عباسی نے کہا ہے کہ پی ٹی وی پر حملہ حکومت نے خود کرایا جب کہ طاہرالقادری 20 نومبر کو پاکستان آ رہے ہیں اگر کوئی گرفتار کر سکتا ہے تو کر لے۔
فیصل آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے رحیق عباسی نے کہا کہ پی ٹی وی اور پاکستان سیکریریٹ پر حملہ پرویز رشید اور ماوری میمن کی سازش تھی جسے حکومت نے خود کرایا جس کے بعد دباؤ ڈال کر عمران خان اور طاہرالقادری کے وارنٹ جاری کرائے گئے لیکن عدلیہ کو بھی دیکھنا چاہئے تھا کہ ان کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ بنتا ہے کہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ وارنٹ گرفتاری جاری کرنے سے ہمیں ڈرایا نہیں جا سکتا۔ طاہرالقادری 20 نومبر کو پاکستان آ رہے ہیں اور وہ لاہور میں اتریں گے اگر کوئی انہیں گرفتار کر سکتا ہے تو کر لے۔
رحیق عباسی کا کہنا تھا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی تحقیقات کے لیے غیر جانبدار ٹیم نہیں بنائی گئی جسے مسترد کرتے ہیں۔ سانحہ کو 5 ماہ گزر چکے ہیں لیکن اب تک اس میں ملوث کوئی بھی ملزم گرفتار نہیں کیا جا سکا اور نہ ہی کسی کے خلاف کارروائی ہوئی۔ رانا ثناء اللہ سے استعفیٰ لیا گیا لیکن اس کے باوجود وہ اہم اجلاس میں شریک ہوتے ہیں۔
ذرائع: ایکسپریس نیوز
تبصرہ