پاکستان عوامی تحریک کےسربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری لندن سے لاہور پہنچ گئے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری رنگ روڈ، ہربنس پورہ، دھرم پورہ اور مال روڈ سے ہو کر جلوس کی شکل میں داتا دربار پہنچیں گے۔ لاہور پولیس نے دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر عوامی تحریک کے عہدیداروں کو آگاہ کردیا ہے تاہم عوامی تحریک کا کہنا ہے طےشدہ پروگرام پر ہی عمل ہوگا، پروگرام تبدیل نہیں کرسکتے۔
لاہور: (دنیا نیوز) عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کا طیارہ سات بجے لینڈ کیا۔ ایئر پورٹ پر ان کے مداحوں، عقیدت مندوں اور پارٹی کارکنوں کی بڑی تعداد نے ان کا شاندار استقبال کیا۔ ایئر پورٹ پہنچنے کے بعد ڈاکٹر طاہرالقادری ریلی کی شکل میں رنگ روڈ سے ہربنس پورہ اور کینال روڈ سے ہوتے داتا دربار کی طرف رواں دواں ہیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کالے رنگ کی پراڈو میں سوار ہیں جس کا بونٹ اور چھت ان پر نچھاور کردہ سرخ گلابوں سے ڈھکا ہوا ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کی گاڑی کے آگے ایلیٹ فورس کی گاڑیاں اور پیچھے قطار در قطار پارٹی کارکن گاڑیوں میں سوار ہیں۔ قافلہ سرخ، سبز اور سفید ، پارٹی پرچم جس پر انقلاب لکھا ہوا ہے کو لہراتا ہوا اپنی منزل داتا دربار کی طرف رواں دواں ہیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری داتا دربار حاضری کے بعد ریلی کی شکل میں ہی اپنے گھر ماڈل ٹاون روانہ ہوں گے۔ لاہور پولیس نے ڈاکٹر طاہرالقادری کی جان کو خطرے کے پیش نظر وارننگ جاری کردی ہے۔ ڈی آئی جی لاہور آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف کا کہنا ہے کہ عوامی تحریک کو تحریری طور پر دہشت گردی کے خطرے سے آگاہ کردیا ہے اور درخواست کی ہے کہ وہ ریلی نہ نکالیں۔ پاکستان عوامی تحریک کے صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی کا کہنا ہے لاہور پولیس کی جانب سے کوئی وارننگ نہیں ملی اگر ہو بھی تو وہ پروگرام تبدیل نہیں کریں گے۔
ذرائع: دنیا نیوز آن لائن
تبصرہ