ووٹ کا تقدس پامال نہ ہوتاتو آج پاکستان میں غربت، جہالت اور انتہا
پسندی نہ ہوتی
قائد اعظم رحمۃ اللہ علیہ ایک ایسا پاکستان چاہتے تھے جس میں ہر طبقہ کو برابر حقوق
میسر ہوں
قائد اعظم رحمۃ اللہ علیہ کے یوم پیدائش پر پیغام، معروف مذہبی سکالر سیدہ طیبہ خانم
بخاری کی وفد کے ہمراہ ملاقات
پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح رحمۃ اللہ علیہ کے یوم پیدائش کے موقع پر پاکستانی قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مقتدر طبقہ نہیں عوام کا اتحاد قائد اعظم رحمۃ اللہ علیہ کے پاکستان کو بچائے گا۔ ووٹ کا تقدس پامال نہ ہوتا تو آج پاکستان میں غربت، جہالت اور انتہا پسندی نہ ہوتی، قائد اعظم رحمۃ اللہ علیہ ایک ایسا پاکستان چاہتے تھے جس میں ہر طبقہ کو برابر حقوق میسر ہوں، ہر ایک کو آزادی اظہار کا حق حاصل ہو اور ہر شہری کی شناخت صرف پاکستانی ہو، انہوں نے کہا کہ قائد اعظم رحمۃ اللہ علیہ کا نام لے کر اقتدار میں آنے والوں نے ریاستی طاقت کو غریب عوام کے حالات بدلنے کی بجائے اپنے حالات بہتر بنانے کیلئے استعمال کیا جس کے نتیجے میں ایک طبقہ بالادست اور ایک زیر دست کے طور پر سامنے آیا۔ آج کا پاکستان ظالموں اور مظلوموں کے درمیان، قاتلوں اور مقتولوں کے درمیان بٹا ہوا ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کا قائداعظم رحمۃ اللہ علیہ کی سیاسی فکر پر مکمل یقین ہے، آج بھی قائد اعظم کی فکر کو اپنا لیا جائے تو ہم بحرانوں سے عہدہ برآ ہو سکتے ہیں۔
دریں اثناء معروف مذہبی سکالر سیدہ خانم طیبہ بخاری کی قیادت میں ایک وفد نے ہیوسٹن امریکہ میں پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری سے ملاقات کی انہوں نے ڈاکٹر طاہرالقادری کی خیریت دریافت کی اور جلد صحت یابی کے لیے دعا کی، اس موقع پرطیبہ بخاری نے ملک کے ابتر حالات خصوصاً دہشتگردی کے واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور آپریشن ضرب عضب کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کا دائرہ ملک بھر تک بڑھا دینا چاہیے، طیبہ بخاری نے دہشتگردی کے خاتمہ کیلئے ڈاکٹر طاہرالقادری کی علمی و تحقیقی کاوش بالخصوص ان کے 14 نکات اور 6 سو صفحات پر مشتمل تاریخی فتویٰ کو بے حد سراہا اور کہا کہ اس وقت پاکستان کے عوام کو متحد ہو کر دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنا ہے، ڈاکٹر طاہرالقادری نے طیبہ بخاری اور تیمارداری کیلئے ان کے ہمراہ آنے والے افراد کا شکریہ ادا کیا۔
تبصرہ