گلگت بلتستان اور مالا کنڈ دیر سے آئے وفد کی عوامی تحریک میں شمولیت کا اعلان

خصوصی عدالتوں کے قیام کیلئے فوری صدارتی آرڈیننس جاری کیا جائے۔ خرم نواز گنڈاپور
فوجی ہی نہیں کسی بھی عدالت یا ادارے کا غلط استعمال نہیں ہونا چاہیے، مرکزی سیکرٹری جنرل عوامی تحریک

لاہور (27 دسمبر 2014) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ ایکشن پلان پرعملدرآمد کیلئے وزیراعظم کی طرف سے بنائی گئی کمیٹی میں اپوزیشن کی نمائندگی نہ ہونے کی وجہ سے قومی اتفاق رائے کے حوالے سے سوال اٹھ رہا ہے، وزیراعظم خصوصی عدالتوں کے قیام کیلئے فوری طور پر صدارتی آرڈیننس کیلئے سمری بھیجیں تاکہ عدالتیں اپنا کام شروع کریں، مشاورت بعد میں کریں، خصوصی عدالتوں کے قیام اور دیگر اقدامات میں تاخیر سے دہشتگردوں کو اپنی صفیں درست کرنے کا موقع مل رہا ہے، پہلے ہی مذاکرات کے نام پر دہشتگردوں کو مضبوط ہونے کا وقت دیا جا چکا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلگت بلتستان اور مالاکنڈ دیر سے آئے ہوئے وفد سے گفتگو کے دوران کیا۔ وفد میں پروفیسر شوکت علی، محمد شفیع ایڈووکیٹ، عابد حسین، اعجاز حسین شامل تھے۔ اس موقع پر ساجد بھٹی، جواد حامد، سہیل احمد رضا، راجہ ندیم و دیگر رہنماء موجود تھے۔

وفد نے دہشتگردی کے خاتمہ اور عوام کو آئینی حقوق دلوانے کیلئے شاندار جدوجہد کرنے پرسربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہر القادری کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور پاکستان عوامی تحریک میں شمولیت کا اعلان کیا، خرم نواز گنڈاپور نے انہیں عوامی تحریک میں شمولیت پر انہیں خوش آمدید کہا، خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ یہ وقت مشاورت یا کمیٹیاں بنانے کا نہیں دہشتگردی کے خاتمہ کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھانے کا ہے؟ انہوں نے اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ کے بیان پر اپنے ردعمل میں کہا کہ اپوزیشن لیڈر سینے پر پتھر نہیں ہاتھ رکھ کر کہیں کہ کیا خصوصی عدالتیں ناگزیر نہیں ہیں؟ کیا یہ درست نہیں کہ 50 ہزار سے زائد معصوم جانیں گنوانے کے باوجود جن 6 دہشتگردوں کو پھانسیاں ملیں وہ فیصلے بھی فوجی کورٹس کے تھے؟ انہوں نے کہا کہ اس وقت پوری قوم پارلیمانی قیادت کی طرف دیکھ رہی ہے، انہوں نے کہا کہ ہم بھی یہی کہتے ہیں کہ فوجی سمیت کسی بھی عدالت اور ادارے کا غلط استعمال نہیں ہونا چاہیے۔ اگر دہشتگردی کے مسئلے سے موثر انداز میں نمٹنے میں کوئی سستی، کوتاہی یا بزدلی نظر آئی تو پھر قوم متبادل آپشن پر غور کرنے کے حوالے سے حق بجانب ہو گی۔

تبصرہ