پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری کی جانب سے خصوصی
تعزیتی پیغام بھی پہنچایا
ڈاکٹر رحیق عباسی کی جانب سے راولپنڈی کی امام بارگاہ پر خود کش حملے کی شدید مذمت
سردار منصور خان، عمر ریاض عباسی، نعیم سلطان کیانی، ملک افضل، ابرار رضا ایڈووکیٹ
بھی ان کے ہمراہ تھے
پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق عباسی گزشتہ روز چٹیاں ہٹیاں کے امام بارگاہ خود کش حملے میں شہید ہونے والوں کے گھر گئے، جہاں پر شہداء کے ورثاء سے اظہار تعزیت کیا اور سربراہ پاکستان عوامی تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری کی جانب سے خصوصی تعزیتی پیغام بھی پہنچایا۔ اس موقع پر شہداء کے ایصال ثواب، زخمیوں کی جلد صحتیابی اور لواحقین کے صبر کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔ بعدازاں ڈاکٹر رحیق عباسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راولپنڈی کے علاقے چٹیاں ہٹیاں امام بارگاہ پر خود کش دھماکہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی شہر میں خود کش حملہ حکومت کی نااہلی، ناقص حکمت عملی اور عدم توجہی کے باعث ہوا۔ اس موقع پر مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سردار منصور خان، عمر ریاض عباسی، نعیم سلطان کیانی، ملک افضل، ابرار رضا ایڈووکیٹ، مصطفی خان، غلام علی خان، اشتیاق میر ایڈووکیٹ، انار خان گوندل، سعید راجہ، ملک طاہر جاوید، سہیل عباسی اور دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔
ڈاکٹر رحیق عباسی نے کہا کہ پاکستان کو دہشت گردی کی لعنت سے پاک کرنا اور امن کا گہوارہ بنانا پاکستان عوامی تحریک کا مشن ہے۔ دہشت گردوں کی سفاکانہ کارروائیوں کاسلسلہ جاری ہے مگر دہشت گردی کے خلاف حکومت عملی اقدامات نہیں اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پوری قوم کو متحد ہوکر دہشت گردوں کے نظریاتی محافظوں کے خلاف یک زبان اور یک جان ہوکر ان کو ناکام بنانا ہوگا۔ ڈاکٹر رحیق عباسی نے کہا کہ حکمران عوام کی جان و مال کے تحفظ میں ناکام ہو چکے ہیں۔ ایسے نااہل حکمرانوں سے انصاف کی کوئی توقع نہیں کی جاسکتی جنہوں نے ماڈل ٹاؤن میں بے دردی کے ساتھ عوامی تحریک کے کارکنوں کو قتل اور زخمی کیا اور آج تک غیر جانبدار جے آئی ٹی کا قیام عمل میں نہیں لایا جا سکا۔ انہوں نے سانحہ چٹیاں ہٹیاں کا ذمہ دار پنجاب حکومت کو قرار دیا۔
تبصرہ