دہشت گردی کے ایشو پر حکومت قوم کو دھوکہ دے رہی ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری

فرانس کے صدر نے 40 لاکھ لوگوں کی ریلی کی قیادت کی پاکستان کے وزیر اعظم کی غیرت کب جاگے گی؟
سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مرکزی کردار توقیر شاہ کس خدمت کے صلے میں WTO ‏میں سفیر لگایا جا رہا ہے؟
ڈاکٹر طاہرالقادری کی سما ٹی وی کے پروگرام ندیم ملک لائیو میں خصوصی گفتگو

لاہور (12 جنوری 2015) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے ایشو پر حکومت قوم کو دھوکہ دے رہی ہے، دہشت گردی کے خاتمے کے نام پر بیرونی دنیا سے فنڈز بٹورے جاتے رہے ہیں اس میں ماضی کی حکومتیں بھی شامل ہیں، فرانس کے صدر اور پوری کابینہ نے دہشت گردی کے خلاف 40لاکھ لوگوں کی امن ریلی کی قیادت کی، پاکستانی وزیر اعظم کی غیرت کب جاگے گی ؟ سانحہ پشاور کے بعد وزیر اعظم نے قوم کو باہر نکلنے کی اپیل کیوں نہیں کی اور اسلامی دنیا کے سربراہوں کو کیوں نہیں بلایا؟پاکستان عوامی تحریک کے سوا کس نے دہشت گرد ی کے خلاف ملک گیر ریلیاں نکالیں؟ سکول، کالج یونیورسٹی، مدارس کے نصاب اصلاح طلب ہیں، پنجاب اسمبلی میں وزراء 14 افراد کی لاشیں گرانے والی پولیس کے حق میں تقریریں کرتے رہے، سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قتل عام کے مرکزی کردار ڈاکٹر توقیر شاہ کو بطور انعام WTO‏ میں سفیر لگایا جا رہا ہے۔ اس فیصلے سے ثابت ہو گیا کہ وزیراعظم بھی سانحہ ماڈل ٹاؤن کے منصوبہ سازوں میں شامل ہیں، بیرونی فنڈنگ لینے والے مدارس بین ہونے چاہئیں، سکول، کالج، یونیورسٹی، مدارس کا نصاب اصلاح طلب ہے، ہم پاکستان کے عوام کو پیس سنٹرز کے قیام اور امن کو فروغ دینے والے نصاب کی تیاری کا جلد تحفہ دیں گے۔

سما ٹی وی کے پروگرام ندیم ملک لائیو میں گفتگو کرتے ہوئے سربراہ عوامی تحریک نے کہا کہ اب تک جن دہشت گردوں کو پھانسیاں ہوئیں ان میں زیادہ تر مشرف حملہ کیس کے مجرم تھے، میرا سوال ہے کہ ہزاروں شہریوں کو شہید کرنے والے کب تختہ دار پر لٹکیں گے؟ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم مجھے تین سوالوں کا جواب دیں کہ جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ شائع کیوں نہیں کی جا رہی؟حکومت غیر جانبدار جے آئی ٹی کی تشکیل سے خوفزدہ کیوں ہے؟ توقیر شاہ کو کن خدمات کے صلے میںWTO‏ کا سفیر لگایا جا یا جا رہا ہے؟ انہوں نے کہا کہ آئینی ترمیم اور فوجی عدالتوں کے قیام کی حد تک خیر ہے مگر دہشت گردی کے نام پر سیاسی تماشہ شروع ہو چکا ہے اورانہوں نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کو فوجی عدالت میں لے جا نے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ان حکمرانوں سے انصا ف کی توقع نہیں۔

تبصرہ