راولپنڈی: ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز اور مرکزی ناظمہ ویمن ونگ PAT کی پرامن بقائے باہمی سیمینار میں شرکت

کرسچین سٹڈی سنٹر راولپنڈی کے زیراہتمام دو روزہ پرامن بقائے باہمی سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس میں ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز سہیل احمد رضا اور مرکزی ناظمہ پاکستان عوامی تحریک ویمن ونگ نے وفد کے ہمراہ شرکت کی، جن میں اسسٹنٹ ایڈیٹر ماہنامہ دختران اسلام محترمہ ملکہ صباء، ٹاؤن کوآرڈینیٹر ویمن لیگ محترمہ عائشہ مبشر اور تحصیلی تنظیمات کی عہدیداران و کارکنان بھی شریک تھیں۔ کرسچین سٹڈی سنٹر پروگرام کے کوآرڈینیٹر کرسٹوفر شرف اور مس فہمیدہ نے معزز مہمانوں کا استقبال کیا۔ سیمینار کا باقاعدہ آغاز محترمہ عائشہ مبشر نے صحیفہ انقلاب کی آیات بینات سے کیا، بعد ازاں محترمہ ملکہ صباء نے تاجدار کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت نچھاور کیے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر کرسچین سٹڈی سنٹر مس جینیفر جگ جیون نے استقبالیہ کلمات ادا کیے۔

سیمینار سے تصوف کے موضوع پر محترمہ راضیہ نوید نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ صوفی ازم آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی حیاتِ مبارکہ میں ہی وجود میں آگیا تھا، یہ کوئی نئی اختراع نہیں ہے۔ صوفیاء اور اولیاء اللہ تعالی کی رضا کے حصول کے لئے تمام حلال اشیاء کو بھی اپنے اوپر حرام کر دیتے ہیں اور ہمہ وقت مخلوق خدا میں امن و محبت، تحمل و برداشت کے فروغ کے لئے کوشاں رہتے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوفی خلق خدا کے لئے سورج کی طرح شفیق، دریا کی طرح سخی اور زمین کی طرح متواضع ہوتا ہے، جس طرح سورج کی روشنی اور حرارت کسی ایک قوم، مذہب اور خطے کے لئے محدود نہیں ہوتی بلکہ مسلمان، مسیحی، یہودی، ہندو، سکھ اور ہر مذہب و ملت کے لوگ اس سے مستفید ہوتے ہیں۔ اسی طرح صوفی اور درویش وہ ہے جو ساری مخلوق کے لئے نفع رساں ہو اور اپنے علم و فضل، نورِ ہدایت، شفقت و مہربانی اور خدا کی عنایت میں دوسرں کو بھی شریک کرے۔

محترمہ راضیہ نوید نے کہا کہ دور حاضر میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری بھی تصوف کے حقیقی تصور کو اجاگر کرتے ہوئے امن و محبت اور بھائی چارے کی فضا قائم کرنے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کو امن، محبت، اخوت اور برداشت کا گہوارہ بنانے کے لیے تمام مذاہب اور مسالک کے رہنماؤں اور پیروکاروں کو صوفیاء کرام کے نقش قدم پر چلنا ہو گا اور اپنے فکر و عمل میں محبت، امن و رواداری، اخلاص، ہمدردی، برداشت اور باہمی تعاون کی فضا پیدا کرنا ہو گی۔

ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز محترم سہیل احمد رضا نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ برصغیر میں اشاعت اسلام اولیاء اور صوفیاء کے ذریعے ہوئی جنہوں نے بلاتفریق مذہب و رنگ و نسل انسانیت کو محبت، اخوت، بھائی چارہ اور خدا کی واحدانیت کا پیغام دیا۔ جس کے نتیجے میں لاکھوں لوگوں نے اسلام کی دعوت کو قبول کیا۔ صوفی ازم ہی ہماری اصل اساس ہے، منہاج القرآن انٹرفیتھ ریلیشنز کی فکر تصوف، روحانیت اور صوفی ازم پر مبنی ہے۔ ہم قرآن و سنت پر مبنی ان تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ہی اس ملک کو دہشت گردی، انتہا پسندی سے نجات دلا سکتے ہیں اور اس سرزمین کو امن کا گہوارہ بنا سکتے ہیں۔

سیمینار سے ڈائریکٹر الخیر مدرسہ لاہور حافظ نعمان حامد علی نے اسلام میں تصور امن، جبکہ مس جینیفر جگ جیون اور مسٹر یعقوب پال، ریورنڈ اشک ناز نے مسیحیت میں تصور امن اور عدم تشدد کے موضوع پر سیر حاصل گفتگو کی۔

اس موقع پر منہاج القرآن ویمن لیگ نے ڈاکٹر طاہرالقادری کی تصوف کے موضوعات پر تحریر کردہ کتب کا سٹال لگایا جسے سیمینار کے شرکاء نے بہت سراہا۔ وفد نے کرسچن ٹریننگ سینٹر کا وزٹ بھی کیا، ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز سہیل احمد رضا نے کرسچن سٹڈی سینٹر اور کرسچن ٹریننگ سینٹر کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی کتب لائبریری کے لیے بطور تحفہ پیش کیں، علاوہ ازیں کرسچن ٹریننگ سینٹر کی ٹیچر محترمہ لبنیٰ نے مسیحی کتب کا اردو ترجمہ بھی وفد کو بطور تحفہ پیش کیا۔

تبصرہ