امیدوار بالٹی کے انتخابی نشان پر الیکشن لڑیں گے، انتخابی
منشور بھی تیار
خالی نشستوں پر سیٹ ایڈجسٹمنٹ کیلئے 5 رکنی کمیٹی قائم
امیدوار ڈاکٹر طاہرالقادری کے 10 نکاتی ایجنڈے کی روشنی میں انتخابی مہم چلائیں گے
لاہور (13 اپریل 2015ء) پاکستان عوامی تحریک لاہور نے کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات کیلئے پارٹی امیدواروں کا اعلان کردیا ہے امیدوار بالٹی کے انتخابی نشان پر الیکشن لڑیں گے اس حوالے سے ’’صفائی نصف ایمان، ہر گلی روشن‘‘ کے عنوان سے انتخابی منشور بھی تیار کرلیا گیا ہے۔ جہاں امیدوار نہیں ہونگے وہاں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کیلئے 5 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ کمیٹی کے سربراہ نائب صدر پنجاب راجہ زاہد محمود کو بنایا گیا ہے جبکہ دیگر ممبران میں چودھری محمد افضل گجر، حافظ غلام فرید، حبیب اللہ بٹ اور ثاقب بھٹی شامل ہیں۔ جن امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ دیا گیا ہے ان میں حاجی برکت علی یو سی 3، سجاد خان یو سی 5، شہباز اکرام بٹ یو سی 6، چودھری ارشاد علی یوسی 7، ڈاکٹر محمود رحمانی یوسی 8، عبدالرؤف بٹ یوسی 9، عمران صدیق یوسی 10 میں پارٹی کے امیدوار ہونگے۔
امیدوار سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری کے 10 نکاتی انقلابی ایجنڈے کی روشنی میں انتخابی مہم چلائیں گے، اس حوالے سے مرکزی سیکرٹریٹ میں ٹکٹ ہولڈرز کا خصوصی اجلاس ہوا، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق عباسی نے کہا کہ اسلام آباد کے دھرنے کے پریشر اور سپریم کورٹ کے حکم کی وجہ سے بلدیاتی انتخابات ممکن ہو سکے، عوام بلدیاتی اداروں کے دشمنوں اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ذمہ دار حکمرانوں کے امیدواروں کو ووٹ نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 7 سال تک بلدیاتی اداروں میں سرکاری ملازمین کو مسلط رکھا گیا اور عوام کے ان اداروں کو کرپشن اور لوٹ مار کے اڈوں میں تبدیل کر دیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے راجہ زاہد محمود نے کہا کہ ن لیگ کے ایم این اے، ایم پی اے اور وزراء بلدیاتی حلقوں میں انتخابی مہم چلارہے ہیں، ترقیاتی کاموں کا لالچ دے کر ووٹ خریدنے کی کوشش کی جارہی ہے، چیف الیکشن کمشنر کو وفاقی وزیر ریلوے کی انتخابی سرگرمیوں کے بارے میں تحریری طور پر آگاہ کیا تھا تاہم ابھی تک کوئی عملی کارروائی سامنے نہیں آئی۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت کے عمل دخل کو نہ روکا گیا تو 2013 کے الیکشن کی طرح بلدیاتی الیکشن بھی دھاندلی کی نذرہو جائینگے۔
تبصرہ