ووٹرز کو ڈبل روٹی کی رشوت پیش کرنے والوں کو شرم آنی چاہیئے، ریلی سے ڈاکٹر رحیق عباسی، خرم نواز گنڈاپور کا خطاب
لاہور (23 اپریل 2014) عوام کے منہ سے روٹی کے نوالے چھیننے والوں کو بلدیاتی الیکشن میں لوگوں کے گھروں میں بطور رشوت ’’ڈبل روٹی‘‘ کے پیکٹ بانٹتے ہوئے شرم آمی چاہیے، لاہور کے عوام خوددار، جمہوریت پسند اور عزت دار لوگ ہیں وہ ن لیگ کے 7سالہ دور حکومت کے مظالم کو اتنی آسانی سے بھولنے والے نہیں، ان خیالات کا اظہار پاکستان عوامی تحریک کے رہنماؤں ڈاکٹر رحیق عباسی، خرم نواز گنڈاپور، راجہ زاہد محمود، حافظ غلام فرید، ثاقب بھٹی اور راجہ ندیم نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ریلی امرسدھو سے والٹن روڈ سے ہوتی ہوئی کنٹونمنٹ ایریا کے ہر وارڈ میں گئی۔ ریلی میں سینکڑوں موٹر سائیکل سوار شامل تھے جنہوں نے ڈاکٹر طاہرالقادری زندہ باد، انقلاب زندہ باد کے نعرے لگائے، جگہ جگہ ریلی کا پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے استقبال کیا گیا۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر رحیق عباسی نے کہا کہ عوامی تحریک عوام کے ان اداروں کو حقیقی معنوں میں عوامی خدمت کے ادارے بنائیں گے، 7سالہ لوٹ مار کا حساب لیں گے اور ان بلدیاتی اداروں کو کرپشن سے پاک کرینگے۔ ریلی سے خرم نواز گنڈاپور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ حکم نہ دیتی تو یہ حکمران کبھی بلدیاتی انتخابات نہ ہونے دیتے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں بلدیاتی نظام حکومت کو عوامی خدمت کا ایک موثر اور قابل عمل نظام سمجھتا جاتا ہے مگر ون مین شو کی سیاست اور حکومت پر یقین رکھنے والے شریف برادران بلدیاتی اداروں کے وسائل اور اختیارات پر قبضہ کرکے بیٹھے ہوئے ہیں عوامی تحریک عوام کے ادارے اور وسائل ان کے قبضے سے واگزار کروائے گی۔ انہوں نے کہا کہ 7سالوں میں بلدیاتی اداروں کے نہ ہونے کے باعث شہری مسائل میں بے تحاشا اضافہ ہوا اب حکمران الیکشن قریب دیکھ کر لوگوں کو مختلف قسم کی سیاسی رشوتیں دے رہے ہیں جن میں گھروں میں ڈبل روٹیاں بانٹنے جیسا شرمناک فعل بھی شامل ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری کے 10 نکاتی ایجنڈے کی روشنی میں بلدیاتی اداروں کو ان کا کھویا ہوا حقیقی مقام واپس دلوائے گی اور انہیں زیادہ سے زیادہ بااختیار بنانے کیلئے سیاسی جدوجہد کرے گی۔
تبصرہ