سپین: پاکستان عوامی تحریک بارسلونا کے زیراہتمام 26 ویں یوم تاسیس کے موقع پر پروقار تقریب کا انعقاد

آنیوالا وقت پاکستان عوامی تحریک کا ہے، محمد اقبال چوہدری، استحصالی نظام کے خاتمے تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی، مقررین
چوہدری امتیاز آکیہ، میاں عمران آفتاب، سید رفاقت شاہ اور فیصل اشفاق کو خصوصی شیلڈز سے نوازا گیا۔

بارسلونا (یوسف چوہدری) 26ویں یوم تاسیس پر پاکستان عوامی تحریک سپین کے زیر اہتمام 25مئی 2015ء بروز سوموار ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں ورکنگ ڈے کے باوجود پاکستان عوامی تحریک سپین کے ممبران سمیت لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، دیگر سیاسی و سماجی جماعتوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات کو بھی خصوصی طور پر مدعو کیا گیا۔ جن میں ہم وطن کے ڈائریکٹر جاوید مغل، سوشلسٹ پارٹی بارسلونا کے رہنماء حافظ عبدالرزاق صادق، سابق گورنر کاتالونیا مونسرات گارثیا، مسیحی کمیونٹی کی رہنماء جوزفین کرسٹیان، چوہدری امتیاز وڑائچ، ارشد نذیر ساحل، کاتالان فیڈریشن کے رہنماء کامران خان اور دیگر شامل ہیں۔ بارسلونا اولڈ سٹی کے سوک سینٹر کاسال فلوک ای توراس میں شام سات بجے شروع ہونیوالی اس تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا۔ جس کی سعادت الحاج قاری عبدالرحمن نے حاصل کی جبکہ نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی سعادت معروف نعت خوان محمد قدیر احمد خان نے حاصل کی۔ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض انجام دیتے ہوئے نوید احمد اندلسی نے پاکستان عوامی تحریک کے یوم تاسیس کے حوالہ سے شرکاء کو آگاہ کیا اور 1989سے اب تک مختلف سیاسی محاذوں پر ہونے والی جدوجہد کے متعلق بتایا۔ انہوں نے پاکستان عوامی تحریک کے دس نکاتی انقلابی ایجنڈا کے متعلق بھی سیر حاصل گفتگو کی۔

اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان عوامی تحریک سپین کے میڈیا سیکرٹری یوسف چوہدری نے کہا کہ آج سے 26برس قبل جب قائد انقلاب ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اس تحریک کا آغاز کیا تو اس وقت تک دجالی قوتیں عوام الناس میں اپنا اثرو رسوخ قائم کر چکی تھیں اور آج ان کے پنجے اس قدر ڈھٹائی سے جمے ہوئے ہیں کہ ’’ملنے کو تو مل جائیں گی ہر موڑ پر لاشیں..... ڈھونڈو گے اس شہر میں تو قاتل نہ ملے گا‘‘۔ یوسف چوہدری نے کہا کہ اگر آج ہم نے اپنا کردار ادا نہ کیا تو پھر سانحہ ماڈل ٹائون کے بعد ڈسکہ اور پھر کئی اس جیسے واقعات ہمارے ساتھ بھی رونما ہو سکتے ہیں اس لیے جس قدر ہو سکے پاکستان عوامی تحریک کا ساتھ دیں تاکہ ہر مظلوم، بے کس اور یتیم کو اس کا حق انکی دہلیز پر فراہم کیا جا سکے۔

پاکستان عوامی تحریک سپین کے سیکرٹری جنرل راحیل اکرم ایڈووکیٹ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مختلف تاریخی انقلابی شخصیات اور تحریکوں کا حوالہ دیتے ہوئے پاکستان میں نظام کی تبدیلی کے لیے انقلاب کو ناگزیر قرار دیا، انہوں نے علامہ محمد اقبال کے مختلف اشعار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مسلم امہ کی بیداری اور زوال سے عروج کی طرف پلٹنے کے لیے ڈاکٹر طاہرالقادری کی انقلابی سوچ شاعر مشرق کے فکر و فلسفہ کا تسلسل ہے، انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی جدوجہد کا مقصد ملک میں وہ نظام قائم کرنا ہے جو بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح چاہتے تھے۔ بابائے صحافت جاوید مغل نے اپنے خطاب میں کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی پاکستانی عوام کیلئے خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کے بتانے کے بعد ہی مجھے علم ہوا کہ آئین پاکستان کی شق 62 اور63 کیا ہیں اور آئین میں شہریوں کو کونسے حقوق حاصل ہیں، مسیحی کمیونٹی کی رہنماء، بین المذاہب ہم آہنگی میں گولڈ میڈلسٹ جوزفین کرسٹیا نے اپنے خطاب میں پاکستان عوامی تحریک کے تمام کارکنان کو یوم تاسیس کی مبارک باد دی اور نظام کی تبدیلی کی جدوجہد میں اپنی کمیونٹی کے تعاون کا یقین دلایا۔

سپین کے صوبہ کاتالونیا کی سابق گورنر اور سوشلسٹ پارٹی کی رہنماء مونسرات گارثیا نے بھی پاکستان عوامی تحریک کے 26ویں یوم تاسیس پر مبارکباد پیش کی، انہوں نے کہا کہ تقریب کے دوران مجھے ڈاکٹر طاہرالقادری کے 10نکاتی ایجنڈاکے بارے میں آگاہ کیا گیا ہے، میں سمجھتی ہوں کہ کسی بھی کامیاب ملک کی تعمیر و ترقی اور استحکام کے لیے ایسے اقدامات کا نافذ ہونا بنیادی حیثیت رکھتے ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان عوامی تحریک کے سپین کے صدر محمد اقبال چوہدری نے کہا کہ انشاء اللہ آنیوالا وقت پاکستان عوامی تحریک کا ہے، ظالموں سے نجات کا وقت بالکل قریب ہے انہوں نے کہا کہ اگر سانحہ ماڈل ٹائون پر انصاف کے تقاضے پورے کیے جاتے تو شائد سانحہ ڈسکہ پیش نہ آتا مگر جب حکمران ہی نا اہل ہوں اور لوٹ مار میں ملوث ہونے کے ساتھ ساتھ ان کے ہاتھ خون سے رنگے ہوں تو پھر معاشروں میں بے چینی اور بد اعتمادی پیدا ہو جاتی ہے جس کے نتیجے میں انقلاب کی راہیں ہموار ہوتی ہیں اور انشاء اللہ وہ وقت دور نہیں جب ان ظالموں کے احتساب کے ذریعے حساب لیا جائے گا۔ تقریب سے منہاج یوتھ لیگ سپین کے صدر حسنات مصطفی اوراسد اقبال قادری نے بھی خطاب کیا، محمد قدیر احمد خان نے ’’تیرا پاکستان ہے یہ میرا پاکستان ہے‘‘ ملی نغمہ پیش کر کے تقریب کے ماحول کو گرما دیا۔

تقریب کے اختتامی حصہ میں پاکستان عوامی تحریک سپین کی علاقائی تنظیمات کے قیام، ان کو فعال کرنے اورممبر شپ کے فروغ کے حوالے سے اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر پاکستان عوامی تحریک سپین کے چیف آرگنائزر چوہدری امتیاز احمد آکیہ۔ جوائنٹ سیکرٹری میاں عمران آفتاب اور عوامی تحریک اوسپتالیت کے سیکرٹری ممبر شپ سید رفاقت حسین شاہ کوخصوصی شیلڈز سے نوازا گیا۔ جبکہ ہونہار پاکستانی طالب علم فیصل اشفاق کو اپنی محنت کے بل بوتے پر پہلے ٹائون ایجوکیشن کونسل کے الیکشن اور بعد میں بارسلونا سٹی کی بلدیہ عظمی کی ایجوکیشن کونسل میں نمائندہ طلباء منتخب ہونے پر پاکستان عوامی تحریک کی طرف سے خصوصی شیلڈ دی گئی۔

منہاج یوتھ لیگ بادالونا کے سیکرٹری جنرل اسد اقبال قادری نے پاکستان عوامی تحریک سپین کے صدر محمد اقبال چوہدری کو عوامی تحریک کاجھنڈا پیش کر کے تقریب کوسیاسی ماحول سے رنگ دیا۔ بعد ازاں پاکستان عوامی تحریک کے 26ویں یوم تاسیس کے حوالہ سے کیک بھی کا ٹا گیا۔ جس کی ابتدا ء تقریب میں شریک منہاج ویمن لیگ کی ممبران نے مونسرات گارثیا اور جوزفین کرسٹینا کے ساتھ مل کر کی۔ تقریب کے آخر میں شرکاء کیلئے ریفریشمنٹ کا انتظام بھی تھا۔

تبصرہ