سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ثبوت محفوظ اور قاتلوں کے چہرے یاد ہیں: ڈاکٹر طاہرالقادری

سانحہ قاتل حکمرانوں کیلئے زلزلہ ثابت ہو گا، انہیں سرچھپانے کیلئے چھت اور بھاگنے کیلئے زمین نہیں ملے گی
قارون کا خزانہ رکھنے والے لٹیرے میرے کسی کارکن کو نہ خرید سکے میری قیمت کیا لگائیں گے
قائدعوامی تحریک نے شہداء کو نشان حضرت امام حسین علیہ السلام کا ایوارڈ دیا، بچوں کو عیدی دی

لاہور (15 جولائی 2015) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ثبوت محفوظ اور قاتلوں کے چہرے یاد ہیں، یہ تمام ثبوت قوم کے سامنے ہیں، انصاف کے ادارے ان ثبوتوں سے زیادہ دیر منہ نہیں موڑ سکتے، سانحہ ماڈل ٹاؤن قاتل حکمرانوں کیلئے زلزلہ ہے، جب یہ زلزلہ آئے گا انہیں سرچھپانے کیلئے چھت اور بھاگنے کیلئے زمین نہیں ملے گی۔ قارون کا خزانہ رکھنے والے حکمران میرے کسی کارکن کو نہیں خرید سکے میری قیمت لگانے کی جرات کیسے کر سکتے ہیں۔ رمضان المبارک کی بابرکت ساعتوں میں شہداء کے لواحقین اور انقلابی کارکنان سے وعدہ ہے کہ خون کے قطرے قطرے کا حساب لیا جائیگا۔ سربراہ عوامی تحریک کے گزشتہ رات شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء کے ساتھ گزاری، شہدائے ماڈل ٹاؤن و اسیران انقلاب کے بچوں کو نئے کپڑے اور عیدی دی اور ان کے حوصلے اور استقامت پر انہیں خراج تحسین پیش کیا، اس موقع پر ڈاکٹر طاہرالقادری نے قدوۃ الاولیا سیدنا طاہر علاؤ الدین کے صاحبزادے سید محمود محی الدین الگیلانی کے ہمراہ شہدا ء ورثاء کو نشان حضرت امام حسین علیہ السلام کے ایوارڈ دیئے اور ان کی بے مثال قربانیوں کو سراہا۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ میں عمر بھر ان شہداء کی قربانیوں کو نہیں بھول سکتا نہ ہی میری آنے والی نسلیں ان قربانیوں کو فراموش کرینگی، انہوں نے کہا کہ انقلاب کیلئے جدوجہد جاری ہے، دھرنا ایک باب تھا ابھی پوری کتاب باقی ہے، انقلاب آ کر رہے گا، ظلم کے اندھیروں کی قسمت میں چھٹ جانا لکھا ہے میرے کارکنوں نے ظلم کے نظام کے خاتمے کیلئے میری آواز پر لبیک کہتے ہوئے جاں و مال کی بے مثال قربانیاں دیکر ثابت کر دیا کہ یہ انمول کارکن اللہ اور اسلام کے سپاہی ہیں اور اس جیسے باکردار کارکن کسی اور جماعت میں نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہدائے ماڈل ٹاؤن کا کیس لڑنے کی بھرپور تیاری کر لی ہے، ایک ایک قاتل کو قانون کی عدالت میں بھی بے نقاب کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ فرعون اور قارون کا خزانہ رکھنے والے حکمران ایک سال سے کروڑوں روپیہ تھیلوں میں لیکر گھوم رہے ہیں لیکن جب بھی وہ ہمارے غریب مگر ایمان کی دولت سے مالا مال اور غیرت مند کارکنوں کو خریدنے کی کوشش کرتے ہیں تو وہ ان کے منہ پر تھوک دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک سال گزر جانے کے بعد بھی ہمارے کسی ایک کارکن کو بھی نا توڑا جا سکا نہ خرید اجا سکا اور نہ ہی یہ بے حمیت اور اقتدار کے لالچی حکمران انہیں خرید سکتے ہیں۔

تبصرہ