فوجی قیادت کا محاذ جنگ پر جوانوں کے ساتھ عید منانا قابل تحسین ہے: خرم نواز گنڈاپور

شریف برادران کو بھارتی فائرنگ سے شہید ہونے والے شہریوں کے ساتھ عید منانی چاہیے تھی
فارغ وزیراعظم قوم کیلئے مزید ناقابل قبول ہے، سیکرٹری جنرل عوامی تحریک

لاہور (20 جولائی 2015) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ فوجی قیادت اور سویلین قیادت کے جذبہ حب الوطنی اور حساس ذمہ داری کا فرق سامنے آ گیا۔ فوجی قیادت نے عید محاذ جنگ پر منائی جبکہ شریف برادران نے لندن اور دیار غیر میں عید کی خوشیاں انجوائے کیں۔ فوجی قیادت کا دہشتگردی کی جنگ کے خلاف برسرپیکار جوانوں کے ساتھ عید منانا اور ان کا حوصلہ بڑھانا قابل تحسین ہے۔ انہوں نے عہدیداروں اور کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ملک دہشتگردی کے خلاف حالت جنگ میں ہے، بارشوں اور سیلاب کی تباہی کا خطرہ ہے، وزیراعظم اور پاکستان کے سب سے بڑے صوبہ پنجاب کے وزیراعلیٰ کو عید سے ایک یوم قبل لندن جانے کی بجائے کم از کم عید تو اپنے ملک میں گزارنی چاہیے تھی۔ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب کو کنٹرول لائن اور ورکنگ باؤنڈری پر بھارت کی بلااشتعال فائرنگ سے شہید ہونے والے پاکستانیوں کے ساتھ عید گزارنی چاہیے تھی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی نریندر مودی سے ملاقات کے بعد بھارت نے پاکستان مخالف پراپیگنڈہ اور کنٹرول لائن پر فائرنگ اور جارحانہ کارروائیوں میں اضافہ کر دیا ہے جو باعث تشویش ہے۔ نریندر مودی سے پرجوش ملاقاتیں کرنے والے وزیراعظم قوم کو جواب دیں نریندر مودی ہر روز لاشوں کے تحفے کیوں دے رہا ہے؟ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ یہ کیسا وزیراعظم ہے جو ساری حکومت سیکرٹریوں کے حوالے کر کے کئی کئی ہفتے بیرونی دوروں پر گزار دیتا ہے، ایسا فارغ وزیراعظم قوم کیلئے مزید ناقابل قبول ہے۔

تبصرہ