طلبہ علم اور امن کا پرچم تھام کر تعمیر وطن میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں: چوہدری عرفان یوسف

تعلیمی اداروں میں دہشت اور غنڈہ گردی کے عنصر کوختم کرنے کیلئے قلم اور کتاب سے رشتہ مضبوط کیا جائے۔
دہشت گردی کے خاتمے اور فروغ امن کیلئے ڈاکٹر طاہرالقادری کے نصاب امن کو ہر تعلیمی ادارے میں متعارف کرایا جائے۔
مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ جنوبی پنجاب کی تربیتی ورکشاپ سے مرکزی صدر اوردیگر کا خطاب

ملتان (09 اگست 2015ء) مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ (MSM) کے مرکزی صدر چوہدری عرفان یوسف نے کہا ہے کہ طلبہ تعلیم اور امن کا پرچم تھام کر تعمیر وطن کیلئے اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔ ہم نے تعلیمی اداروں کی فضاؤں کو پھر سے علم دوست بنانا ہے۔ تمام طلبہ تعلیمی اداروں میں دہشت اور غنڈہ گردی کے عنصر کو ختم کرنے کیلئے قلم اور کتاب سے رشتہ مضبوط کریں۔ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ جنوبی پنجاب کی تربیتی ورکشاپ سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپنے پیارے وطن سے محبت کا تقاضہ ہے کہ ہم اپنے تعلیمی اداروں کا ماحول بہتر بنائیں تاکہ مسلم دنیا کو پھر سے بوعلی سینا، فارابی، غزالی اور رازی جیسے نابغہ روزگار میسر آسکیں۔ آج ہمارے ملک کو امن اور محبت کے فروغ کی ضرورت ہے اس سلسلے میں ڈاکٹر طاہرالقادری نے فروغ امن اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے جو نصاب امن مرتب کیا ہے اسے ہر تعلیمی ادارے تک پہنچانا ہماری ذمہ داری ہے تاکہ پوری قوم اس نصاب امن سے استفادہ کرسکے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مرکزی سیکرٹری انفارمیشن ثمر عباس نے کہا کہ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ طلبہ کے سینوں میں محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے چراغ روشن کرنا چاہتی ہے تاکہ ان کی زندگیوں میں انقلاب آئے اور وہ معاشرے کی اصلاح کیلئے اپنا کردار ادا کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد پورے جنوبی پنجاب کا دورہ کرکے مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کی تنظیم سازی کا عمل مکمل کیا جائے گا اور مصطفوی انقلاب کا پیغام گھر گھر پہنچایا جائے گا۔ اس موقع پر مرکزی رہنما میاں عنصر علی، احسن سنبل، چوہدری شہزاد گجر، اویس قرنی، رضوان یوسف، وقاص بخاری، جنیدانقلابی اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔

تبصرہ